شہر قائد میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ایس بی سی اے کا بڑا فیصلہ

کراچی میں تیزی سے بڑھتی ہوئی غیر قانونی تعمیرات کے معاملے پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے سخت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ ادارے نے اپنے ہی محکمے میں موجود کرپٹ افسران کے خلاف اعلیٰ سطح کی تحقیقات شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈائریکٹر ویجلنس کی جانب سے جمع کروائی گئی رپورٹ کے بعد ڈی جی ایس بی سی اے نے غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افسران اور عملے کے خلاف فوری ایکشن کی منظوری دے دی۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (آپریشن) کو باضابطہ طور پر انکوائری آفیسر مقرر کر دیا گیا ہے۔
محکمہ جاتی حکم نامے کے مطابق انکوائری افسر کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر قانونی تعمیرات میں ملوث عناصر کی نشاندہی کے لیے شفاف، جامع اور تاخیر سے پاک تحقیقات مکمل کی جائیں۔ مزید کہا گیا ہے کہ انکوائری رپورٹ جلد از جلد پیش کی جائے تاکہ ذمہ داران کے خلاف سخت محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : سندھ حکومت بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ صوبوں کی مدد کیلئے تیار ہے، شرجیل میمن
ڈی جی ایس بی سی اے نے واضح کیا کہ ادارہ غیر قانونی تعمیرات کے معاملے پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی افسر یا ملازم کو رعایت نہیں دی جائے گی اور نہ ہی تحقیقات میں تاخیر کو برداشت کیا جائے گا۔
ایس بی سی اے کے اس فیصلے کو شہر قائد میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے شہریوں میں اعتماد کی فضا پیدا ہونے کی امید کی جا رہی ہے۔












